مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ کسانوں کو بیج دینے کے لئے طریقہ کار کا اعلان کردیا ہے، سبسڈی پر بیج فراہم کرنے کیلیے 13 ارب روپے مختص کر دیے گئے، بیج فراہمی کے لیے تپہ کی سطح پر پانچ رکنی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، کمیٹی میں تپیدار، محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ، ارکان ڈسٹرکٹ کائونسل و دیگر شامل کیے گئے ہیں۔
محکمہ زراعت نے سبسڈی پر بیج کی فراہمی کے لیے فارم جاری کردیا ہے۔ فارم پر زمین کے مالک ومیقات دار کا نام اور زمین کی دستاویزات چیک کی جائیں گی۔ متاثرہ کسانوں سے امدادی بیج کی رقم کے لئے بینک اکاؤنٹ یا موبائل اکائونٹ کا آپشن لیا جائے گا۔
طے شدہ طریقہ کار کے مطابق بیج کی لیے کیش رقم کا میسج بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر آئے گا، مجموعی طور پر 13 ارب روپے کی امدادی رقم فی ایکڑ 5 ہزار روپے کے حساب سے تقسیم ہوگی۔
یاد رہے کہ حالیہ سیلاب سے 3.6 ملین ایکڑ پر تیار فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ کسانوں کو 421 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے جس کے بعد گندم کے مفت بیج فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت نے 8.39 ارب روپے جبکہ وفاقی حکومت نے 4.7 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ مجموعی رقم 13.5 ارب روپے رکھی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ